تحصیل تناول کو فعال بنانے کے لیے سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اہم اجلاس

اہلیان تناول سے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے، تحصیل تناول میں بلدیاتی سہولیات جلد فراہم ہوں گی، بابر سلیم سواتی

بدھ 3 ستمبر 2025 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا ایک اہم اجلاس صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی ارشد ایوب خان بھی شریک تھے جبکہ محکمہ بلدیات کے حکام، ضلع مانسہرہ لوکل گورنمنٹ اور ٹی ایم اے کے افسران نے بھی شرکت کی۔

سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ یہ اجلاس اس لیے بلایا گیا ہے تاکہ وزیر بلدیات سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز ایک جگہ موجود ہوں اور تحصیل تناول کو فعال کرنے کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل تناول کو باضابطہ طور پر تحصیل کا درجہ دیا جا چکا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے، تاہم وہاں پر ٹی ایم اے تاحال فعال نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

اسی مقصد کے لیے آج کا اجلاس طلب کیا گیا ہے تاکہ عملی پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔سپیکر نے مزید کہا کہ تناول میں ٹی ایم اے کے مستقل قیام تک وقتی بنیادوں پر ضروری انتظامات شروع کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ مانسہرہ ٹی ایم اے کے دفتر کی نگرانی میں تحصیل تناول کے امور کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ ابتدائی طور پر وہاں ایک دفتر قائم کر کے ایک مستقل افسر تعینات کیا جائے گا جبکہ صفائی ستھرائی کے لیے گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ بلدیات میں حال ہی میں صفائی کے عملے (جانٹرز) کی بھرتی کا عمل جاری ہے، جس کے تحت تحصیل تناول کے لیے بھی درکار افرادی قوت فراہم کر دی جائے گی۔ اس طرح وہاں کے عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات جلد فراہم ہونا شروع ہو جائیں گی۔سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ جیسے ہی ابتدائی سیٹ اپ مکمل ہوگا، اس کا باقاعدہ آغاز ایک شاندار عوامی اجتماع کے ذریعے کیا جائے گا جس میں علاقے کے نمائندے، عوام اور صوبائی وزیر بلدیات بذاتِ خود شریک ہوں گے۔

قانونی تقاضے اور دیگر رسمی کارروائیاں آئندہ چند روز میں مکمل کر لی جائیں گی اور بہت جلد تحصیل تناول میں ٹی ایم اے باضابطہ طور پر فعال کر دیا جائے گا۔انہوں نے اس موقع پر آل پاکستان تنولی اتحاد کے گرینڈ کنونشن کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس اجتماع میں اس معاملے پر خصوصی گفتگو کی گئی تھی اور وہاں موجود عوام سے ہم نے وعدہ کیا تھا، جسے پورا کرنے کے لیے آج عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سپیکر نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ آمدن کے وسائل پیدا ہوتے رہیں گے اور ٹی ایم اے تناول اپنے پاؤں پر کھڑا ہو کر ایک مکمل فعال ادارہ بن جائے گا، جو مقامی عوام کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔