Live Updates

انسانی جانیں فصلوں سے زیادہ قیمتی ہیں، رنگ بند توڑے جائیں،نیاز خاصخیلی

رنگ بند دریائے سندھ کے قدرتی بہاؤ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ق سندھ

بدھ 3 ستمبر 2025 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے دریائے سندھ میں بااثر افراد کی جانب سے قائم کیے گئے غیر قانونی رنگ بندوں کو سنگین خطرے کی گھنٹی بجانے والا المیہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ رنگ بند نہ صرف دریائے سندھ کے قدرتی بہاؤ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں بلکہ اس کی وجہ سے پانی کا دباؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، جو کسی بھی وقت بڑے بند کے ٹوٹنے کا سبب بن سکتا ہے۔

اس سے وسیع تر تباہی اور انسانی جانوں کا ضیاع ممکن ہے۔سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے بتایا کہ گڈو سے لے کر سمندر تک متعدد بااثر زمیندار اور کیٹی مالکان اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے دریائے سندھ میں غیر قانونی رنگ بند قائم کر رہے ہیں، جس کے باعث پانی کا روایتی اور قدرتی بہاؤ متاثر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فصلوں کا نقصان قابلِ تلافی ہے، مگر انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔

انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان غیر قانونی رنگ بندوں کو ختم کرایا جائے تاکہ پانی کے قدرتی بہاؤ کو بحال کیا جا سکے اور ممکنہ تباہی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ اقدامات بروقت نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کی مکمل ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

ماضی کے تلخ تجربات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے کہا کہ پہلے بھی بند ٹوٹنے کے واقعات پیش آئے، جن میں نہ صرف دیہات اور شہروں کو شدید نقصان پہنچا بلکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے۔ اس کے بعد جاری امدادی پیکجز اور نمائشی سرگرمیاں متاثرین کی بحالی کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں، جس سے نہ صرف عوام کا اعتماد مجروح ہوا بلکہ ملک کی عالمی سطح پر بھی بدنامی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹوں کی وجہ سے سیلابی پانی اپنی متوقع راہ سے ہٹ کر انسانی آبادیوں کی طرف مڑ سکتا ہے، جو کہ ناقابلِ یقین تباہی کا باعث بنے گا۔ اس صورتحال میں نہ صرف فصلیں برباد ہوں گی بلکہ انفراسٹرکچر، گھروں اور دیگر بنیادی سہولیات کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔سرکاری اداروں کی کاہلی پر بھی تنقید کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام اور ادارے غیر قانونی رنگ بندوں کی تخریب کاری میں ناکام رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا پانی کا نظام شدید متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور سستی نے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں چوکس رہیں اور اپنی آواز بلند کریں تاکہ حکومت مجبور ہو کر فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے مخیر حضرات، سول سوسائٹی، اور میڈیا کو بھی اس قومی مسئلے پر توجہ دینے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم فصلوں کی حفاظت سے بڑھ کر جانوں کی حفاظت کو ترجیح دیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر وقت پر اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ آنے والی تباہی کسی کے قابو میں نہیں رہے گی۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ غیر قانونی رنگ بندوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔پانی کے قدرتی بہاؤ کو بحال کرنے کے لیے فوری تکنیکی اقدامات کیے جائیں۔سیلاب کے پیش نظر متبادل راستے اور حفاظتی بندوں کی تعمیر کی جائے۔متاثرین کی بحالی کے لیے موثر اور بروقت منصوبہ بندی کی جائے۔سرکاری ادارے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور سیلابی خطرات کے پیش نظر فعال رہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات