Live Updates

اگلے 72گھنٹوں میں تینوں بھارتی ڈیم فل ہوں گے ،راوی میں پہلے جیسی سیلابی صورتحال پیدا نہیں ہوگی ، ڈی جی پی ڈی ایم اے کی پریس کانفرنس

بدھ 3 ستمبر 2025 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے تین وارننگز ملی ہیں، اگلے 72گھنٹوں میں تینوں بھارتی ڈیم فل ہوں گے،راوی میں پہلے جیسی سیلابی صورتحال پیدا نہیں ہوگی مگر پانی میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی رات پی ڈی ایم اے کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

علی عرفان کاٹھیا نے کہا کہ گزشتہ رات دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے بہت بڑا چیلنج تھا،چناب میں اسوقت پانی کی سطح برقرار ہے ۔چناب میں سیلابی صورتحال سے پہلے سے متاثر اضلاع دوبارہ متاثر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں گزشتہ دو ماہ سے سیلابی صورتحال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دریائے راوی میں صورتحال پہلے جیسی نہیں ہوگی مگر پانی میں اضافہ ہوگا،راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی میں کچھ اضافہ ہوا ہے۔

ڈی جی نے کہا کہ اگلے 72گھنٹوں میں تینوں بھارتی ڈیم فل ہونگے۔تھین ڈیم فل ہوچکا ہے، اگلے دو سے تین ہفتے راوی میں پانی بڑھا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ خانیوال کے 136ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 75دیہات متاثر ہوئے ہیں۔راوی کا پانی چناب میں ملنے کی بجائے واپس آرہا ہے جس کے باعث پانی کے لیول میں کمی نہیں آئی جب تک احمد پور سیال میں پانی کم نہیں ہوگا تو سدھنائی میں پانی کم نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگلا بڑا چیلنج ہیڈ محمد والا میں ہے ۔وزیر اعلی پنجاب نے وہاں صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ہیڈ محمد والا میں چار سے پانچ فٹ پانی کی گنجائش ہے۔ملتان میں شیر شاہ بریج پر بھی اسوقت پانی کا کافی دبا ئوہے۔شیر شاہ کے مقام پر دو فٹ کا مارجن رہ گیا ہے۔ علی عرفان کاٹھیا نے کہا کہ ملتان میں بریچنگ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جاچکے ہیں،اب تک 17بریچنگ پوائنٹ نوٹیفائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خانیوال کے 136ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 75دیہات متاثر ہوئے ہیں۔سیلاب سے 3900 سے زائد موضع جات اور 37لاکھ سے زائد آبادی متاثر ہوئی ہے۔409فلڈ کیمپس قائم ہوچکے ہیں جن میں تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔25ہزار سے زائد لوگ ان کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔اب تک سیلاب سے متاثر 14لاکھ سے زائد لوگوں اور 10لاکھ جانوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے اب تک 46لوگ جانبحق ہو چکے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات