تربت یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے طلباء کا ملک کے معروف سرکاری ونجی اداروں میں انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل

جمعرات 4 ستمبر 2025 11:24

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف تربت کےشعبہ قانون کے 33 سینئر طلباء نے 16جون سے 9 اگست 2025 تک پاکستان کے مختلف شہروں میں آٹھ ہفتے پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔ ترجمان یونیورسٹی آف تربت بلوچستان کے جاری کردہ بیان میں بیان میں کیا گیا۔ اس دوران طلباء نے پاکستان کے مختلف سرکاری اور نجی اداروں میں قانونی وپیشہ ورانہ معاملات کا موثرطریقے سے عملی تجربہ حاصل کیا۔

کراچی میں دس طلباء نے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ، ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ اور ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر میں اپنی خدمات انجام دیں، جبکہ تیرہ طلباء نے کوئٹہ میں مختلف نجی لاء فرموں، ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر اور ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ میں انٹرن شپ مکمل کی۔ دیگر طلباء نے تربت میں مختلف اداروں کے ساتھ وابستہ ہو کر اپنی عملی تربیت مکمل کی۔

(جاری ہے)

تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے طلباء کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انٹرن شپ ایل ایل بی پروگرام کا لازمی حصہ ہے جو تھیوری اور عملی تربیت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مواقع طلباء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعتماد اور ذمہ داری کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ذاتی نشوونما، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبات کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ڈاکٹر گل حسن نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ اپنی کاوشیں جاری رکھیں تاکہ وہ مستقبل میں قابل، بااعتماد اور ذمہ دار قانونی ماہرین کے طور پر معاشرے کی خدمت کر سکیں۔وائس چانسلر نے تربت یونیورسٹی کے طلبہ کو انٹرن شپ کا قیمتی موقع فراہم کرنے پر متعلقہ سرکاری و نجی اداروں اور نامور لاء فرموں کے سربراہان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔