بھاری امریکی ٹیرف کے نفاذ کے بعد بھارت کی 16ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل برآمدات متاثر ہوں گی،عاطف اکرام شیخ

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) ایف پی سی سی آئی کے صدرعاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ بھاری امریکی ٹیرف کے نفاذ کے بعد بھارت کی 16ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل برآمدات متاثر ہوں گی،نئی صنعتی پالیسی مثبت اقدام تاہم انڈسٹری کیلئے توانائی قیمتوں میں کمی ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کیا۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ بھاری امریکی ٹیرف کے نفاذ کے بعد بھارت کی 16ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل برآمدات متاثر ہوں گی، پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے انڈیا کی جگہ امریکی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات پہنچانے کا یہ نادر موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس موقع سے صرف اسی صورت فائدہ اٹھا سکتا ہے جب مربوط پالیسی کے تحت تمام سٹیک ہولڈرز کام کریں، موجودہ معاشی تناظر میں عالمی مارکیٹ پاکستان کو ایک دہائی میں ایک بار ملنے والا موقع فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی کے صدرنے کہا کہ اگر ابھی جرات مندانہ پالیسی اقدامات نہ کیے گئے، تو پاکستان یہ نایاب موقع گنوا سکتا ہے، فوری طور پر ای ایف ایس تک رسائی بحال ، کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی لائی جائے، نئی صنعتی پالیسی مثبت اقدام تاہم انڈسٹری کیلئے توانائی قیمتوں میں کمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طویل المدتی اقدامات نافذ کرے تاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر عالمی منڈی میں زیادہ حصہ حاصل کر سکے، پاکستان کے معاشی مسائل کا پائیدار حل برآمدات میں بڑا اضافہ کرنے میں ہے اور یہ اس کا نادر موقع ہے۔