نئی دلی، سپریم کورٹ کا شبیر شاہ کو عبوری ضمانت دینے سے انکار، ’’این آئی اے ‘‘سے جواب طلب

شبیر احمد شا ہ 2017سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں جھوٹے مقدمات میں نظر بند ہیں،سماعت دو ہفتوں تک ملتوی

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:19

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)بھارتی سپریم کورٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی ایک جھوٹے مقدمے میں درخواست ضمانت پر تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے ) سے جواب طلب کر لیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دہلی ہائیکورٹ نے قبل ازیں شبیر احمد شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔

(جاری ہے)

جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا پر مشتمل سپریم کورٹ کی دو رکنی بنچ نے شبیر احمد شاہ کو تاہم عبوری ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے اس حوالے سے این آئی اے سے جواب طلب کیا۔ شبیر احمدشاہ کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کولن گونسالویس نے یہ کہتے ہوئے عبوری ضمانت کی درخواست کی تھی کہ انکے موکل (شبیر احمد شاہ)بہت علیل ہیںلیکن عدالت نے عبوری ضمانت منظور نہیں کی۔سپریم کورٹ نے معاملے کی سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔شبیر احمد شا ہ 2017سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں جھوٹے مقدمات میں نظر بند ہیں۔