Live Updates

یونیورسٹی آف سرگودھا میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیےامدادی کیمپ قائم

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امدادی کیمپ کا افتتاح کردیا گیا ہے اس کیمپ کا افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ممبر پنجاب بار کونسل ملک غلام عباس نسوانہ ایڈووکیٹ، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن، ڈینز، ڈائریکٹرز، تدریسی وانتظامی شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے متاثرین کے لیے دل کھول کر عطیات دئیے۔

افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے خود بھی عطیہ دیا اور طلبہ، فیکلٹی، سٹاف ممبران سمیت شہریوں کو اپیل کی کہ وہ کھلے دل سے سیلاب متاثرین کی مدد میں حصہ ڈالیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے بدترین حالات سے دوچار ہے، لاکھوں خاندان اپنے گھروں سے محروم ہو گئے ہیں اور خوراک، ادویات اور بنیادی سہولیات کے لیے ترس رہے ہیں۔

ایسے کٹھن وقت میں بحیثیت قوم ہمارا فرض ہے کہ ہم متحد ہو کر متاثرین کی فوری اور بھرپور مدد کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی تک ان کا ساتھ دیا جائے اور ہر ممکن امداد اکٹھی کی جائے تاکہ ان کی زندگی دوبارہ معمول پر آ سکے۔وائس چانسلر نے واضح کیا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ اور اساتذہ ہمیشہ انسانی خدمت کے جذبے کے ساتھ پیش پیش رہے ہیں اور یہ کیمپ بھی اسی تسلسل کی ایک کڑی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ پاکستان براہِ راست موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات جھیل رہا ہے اور حالیہ تباہ کن سیلاب اس کی ایک بڑی مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بگاڑ، بے ہنگم تعمیرات اور قدرتی وسائل کے بے دریغ استعمال نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔اب وقت آ گیا ہے کہ ہم نہ صرف متاثرین کی فوری مدد کریں بلکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی بھی کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایسے سانحات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات