پرتگال ، کیبل ٹرین کا خوفناک حادثہ، 15 افراد جاں بحق، 18 زخمی

جمعرات 4 ستمبر 2025 22:55

لزبن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2025ء)پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں بدھ کی شام ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جب شہر کی مشہور گلوریا فنیکیولر (کیبل ٹرین) پٹری سے اتر کر ایک عمارت سے جا ٹکرائی۔حادثے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق جبکہ 18 دیگر زخمی ہو گئے۔ پرتگالی ایمرجنسی میڈیکل سروس کے مطابق 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دیگر 13 افراد کو معمولی زخم آئے ہیں، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 5 منٹ پر ایوینیڈا دا لیبرداد کے قریب پیش آیا۔حکام کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں کتنے افراد سوار تھے، اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹریک پر نصب کیبل اچانک ٹوٹ گئی، جس سے گاڑی بے قابو ہو کر قریبی عمارت سے جا ٹکرائی۔

(جاری ہے)

ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے پھنسے ہوئے تمام افراد کو نکال لیا۔

جائے حادثہ پر 62 ایمرجنسی اہلکار اور 22 گاڑیاں موجود تھیں۔لزبن کے میئر کارلوس موئیداس نے اس سانحے کو شہر کے لیے ایک المناک لمحہ قرار دیا، جبکہ پرتگالی صدر مارسیلو ریبیلو دی سوزا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لائن نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔فنیکیولر ٹرین سسٹم لزبن کا ایک تاریخی اور سیاحتی ورثہ ہے، جو 1885 سے چل رہا ہے اور شہر کی پہاڑی گلیوں میں آمدورفت کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔