معیشت کے استحکام اور خوشحالی کی ذمہ داری حکومت کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقے پر بھی عائد ہوتی ہے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ اور وسائل کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی صلاحیتوں کو مقصد کے ساتھ، خیالات کو عمل کے ساتھ اور حکمت عملی کو اتحاد کے ساتھ جوڑیں، معیشت کے استحکام اور خوشحالی کی ذمہ داری حکومت کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقے پر بھی عائد ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سرینہ ہوٹل اسلام آباد میں سی او کلب کے زیر انتظام یونین ڈویلپرز سی ای او سمٹ اور سی ای او ایس 100 کی کتاب کی رونمائی اور سی ای او تقسیم ایوارڈز کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سی ای او کلب پاکستان اعجاز نثار اور دیگر کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بہترین کارکردگی پر سی ای اوز کو ایوارڈز بھی دیئے گئے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ آج کا سمٹ محض ایک تقریب نہیں بلکہ اس بات کا اعلان ہے کہ پاکستان میں نئی قیادت ابھرنے کے لیے تیار ہے جو ایماندار، متحد اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ای اوز اور سرمایہ کار صرف معیشت کے کھلاڑی نہیں بلکہ رائے عامہ کے رہنما ہیں جو کلچر کو ڈھالتے ہیں اور جدت کو آگے بڑھاتے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے مشکلات بھی دیکھیں لیکن عوام نے ہمیشہ حوصلہ اور ترقی کی خواہش کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا کے سپیشل اکنامک زونز، بڑھتی ہوئی آئی ٹی انڈسٹری، سیاحت، زراعت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔