بلوچستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن تعلیمی اداروں میں ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے،میڈم اختر خان

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء) بلوچستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کی صدر میڈم اختر خان نے کہا ہے کہ بلوچستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن صوبے کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کا گراس روٹ سطح ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں گراس روٹ سطح کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے تاہم کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن ملکی سطح پر ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے ہر سال فروری میں اسلام آباد میں نیشنل سٹوڈنٹس اولمپک گیمز کا انعقاد کرواتی ہے جس ملک بھر سے سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات کھلاڑی بھر پور حصہ لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان گیمز مقابلوں میں پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں دن رات کوشاں ہیں کہ گراس روٹ سطح پر نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں میڈم اختر خان نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کو چاہئے کہ گیمز کے دوران اپنے کوچز کے ذریعے سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز کے نئے ٹیلنٹ کی سلیکشن کرکے ان کو تربیتی کیمپوں میں جدید اور اعلیٰ تربیت دے کر ان کے ٹیلنٹ کو نکھاریں تاکہ یہ کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیار کئے جا سکیں۔