Live Updates

واسا فیصل آباد نے چنیوٹ میں سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے 3 واٹر باؤزر متعین کردئیے

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق واسا فیصل آباد سیلاب سے متاثرہ افراد کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے چنیوٹ پہنچ گیا۔ صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل اور ڈی جی پنجاب واسا طیب فرید کی ہدایت پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے سیلاب متاثرین کو پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے3 واٹر باؤزر متعین کردئیے جبکہ واسا فیصل آباد کے بوٹلنگ پلانٹ پر تیار کردہ ڈیڑھ لیٹر پانی کی بوتلیں بھی سیلاب ریلیف کیمپس میں پہنچا دی گئیں۔

ان اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے چنیوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا وزٹ کیا اور وہاں پر واسا فیصل آباد کے واٹر ٹینکر سے پانی کی سپلائی کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد میں ڈیڑھ لیٹر پانی کی بوتلیں بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک واٹر ٹینکر چنیوٹ روڈ سے بھوانہ تک، دوسرا واٹر ٹینکر بھوانہ سے جھنگ تک جبکہ تیسرا واٹر ٹینکر چنیوٹ سے لاہور روڈ پر متعین کیا گیا ہے۔

ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور واسا فیصل آباد عوامی خدمت کیلئے پیش پیش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واٹر ڈائریکٹوریٹ کا سٹاف بھی واٹر براؤزر کے ساتھ ڈیوٹی انجام دے گا اور سیلاب متاثرین کو وافر مقدار میں پانی فراہم کیا جائے گا۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کو بلا تعطل پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کے چنیوٹ دورہ کے دوران ڈی ایم ڈی سروسز اکرام اللہ چوہدری اور واٹر ڈائریکٹوریٹ کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات