۹اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے خوراک و زراعت (FAO) کے اعلی سطحی وفد نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:55

ؔکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2025ء) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے خوراک و زراعت (FAO) کے اعلی سطحی وفد نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ وفد میں مسٹر مارٹن روز، مسز اوومو بیری اور ڈاکٹر عائشہ احمد شامل تھے۔ دورے کا مقصد بلوچستان میں فوڈ کنٹرول سسٹم کا جامع جائزہ لینا اور فوڈ سیفٹی و ریگولیٹری نظام کو عالمی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاونت فراہم کرنا تھا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے وفد کو اتھارٹی کے نظامِ کار، مختلف منصوبوں اور عملی اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ بی ایف اے صوبے میں خوراک کے اعلی معیار کو یقینی بنانے، غیر معیاری و ملاوٹی خوراک کے خاتمے اور عوام کو محفوظ و صحت بخش اشیا فراہم کرنے کے لیے مو ثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات اور جدید فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا معائنہ کیا، جہاں انہیں جدید آلات، ٹیسٹنگ کے طریقہ کار اور معائنہ جاتی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفد نے بی ایف اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی سطح پر کیے جانے والے اقدامات کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔وفد نے یقین دہانی کرائی کہ FAO پاکستان میں فوڈ سیفٹی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تکنیکی معاونت، استعداد کار میں اضافہ اور تربیتی مواقع فراہم کرتا رہے گا جو نہ صرف بلوچستان اور ملک بھر میں صحت مند، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ مستقبل میں صوبے سے خوردنی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گا۔