جے یوآئی سندھ کی مجلس عاملہ اور مختلف اضلاع و ٹاؤنز کے ذمہ داران کا اہم اجلاس

سندھ اس وقت بدامنی کا گڑھ بن چکا ہے، بچے، خواتین اور بزرگ تاوان کے لیے اغوا ہو رہے ہیں، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں جبکہ حیدرآباد، میرپورخاص، نوابشاہ اور کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور لاقانونیت عروج پر ہے،علامہ راشد سومرو

جمعرات 4 ستمبر 2025 21:00

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)جمعیت علماء اسلام سندھ کی مجلس عاملہ اور مختلف اضلاع و ٹاؤنز کے ذمہ داران کا اہم اجلاس صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی صدارت اور صوبائی سرپرست مولانا حافظ عبدالقیوم نعمانی کی میزبانی میں منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ اس وقت بدامنی کا گڑھ بن چکا ہے، بچے، خواتین اور بزرگ تاوان کے لیے اغوا ہو رہے ہیں، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں جبکہ حیدرآباد، میرپورخاص، نوابشاہ اور کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور لاقانونیت عروج پر ہے، حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں اور عوام کو ڈاکوؤں اور مجرموں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ جمعیت علماء اسلام سندھ 14 ستمبر کو کشمور سے امن مارچ کا آغاز کرے گی، جو 18 ستمبر کو کراچی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، کشمور سے کراچی تک مارچ کی قیادت مولانا عبدالقیوم ہالیجوی اور علامہ راشد محمود سومرو کریں گے جبکہ کراچی میں جمعیت کے سربراہ مولانا فضل الرحمن مارچ کی قیادت سنبھالیں گے اور اختتامی جلسے سے خطاب کریں گے، علامہ سومرو نے کہا کہ سندھ بھر میں اغوا برائے تاوان، ڈکیتیاں اور رہزنی معمول بن چکی ہیں، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا امن مارچ صوبے کو امن کا گہوارہ بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا، اس موقع پر جے یو آئی پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری نے کہا کہ ریاست کی پہلی ذمہ داری عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، لیکن حکمران اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ عوامی تحریک ناگزیر ہوگئی ہے، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سندھ عوام کو بدامنی، ظلم اور لاقانونیت کے خلاف ایک منظم اور پُرامن جدوجہد کے لیے میدانِ عمل میں لا رہی ہے، اجلاس میں صوبائی مجلس عاملہ کے اراکین حاجی عبد المالک ٹالپر، مولانا محمد غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی، حاجی رفیق احمد سومرو، مولانا احسان اللہ ٹکروی، قاضی فخرالحسن، مولانا نور الحق، مفتی محمد خالد، مفتی عبد الحق عثمانی، مولانا عبدالرشید نعمانی سمیت مختلف اضلاع و ٹاؤنز کے امراء و نظماء عمومی نے شرکت کی اور امن مارچ کی کامیابی کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا، جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں امن مارچ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، عوامی اجتماعات کے ذریعے بیداری کی مہم عروج پر ہے انہوں نے کہا کہ سندھ کا یہ امن مارچ عوام کے دلوں کی آواز اور شہریوں کے تحفظ کی ضمانت ہوگا۔