قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے پیش نظر قومی معاشی استحکام ،ترقی کیساتھ صوبائی خودمختاری کا توازن ضروری ہے،گورنربلوچستان

جمعرات 4 ستمبر 2025 22:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ فیسکل فیڈریشن (Fiscal Federation) ایک بہت وسیع اور پیچیدہ موضوع ہے جسکا بہت کم لوگ ادراک رکھتے ہیں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے پیش نظر قومی معاشی استحکام اور ترقی کے ساتھ صوبائی خودمختاری کا یہ توازن بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مخصوص چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ فارمولے میں ہمارے صوبہ کا وسیع رقبہ، غربت میں کمی کے فنڈ کا قیام، معدنیات کے شعبے کی حکمت عملی اور اپنے صوبے سے کھجور کی برآمد شامل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ میرشعیب نوشیروانی اور ان کی پوری ٹیم کی اپنے صوبے کی مالی بہتری کیلئے ان کی لگن لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے محفوظ علی خان کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ سے متعلق بریفنگ کے دوران کہی. اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور سیکرٹری فنانس عمران زرکون اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر بھی موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ میٹنگ سے قبل کا ڈائیلاگ کا اہتمام ہمیں گہرے ادراک اور تفہیم کی جانب رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

بروقت تیاری اور جامع منصوبہ بندی ہمیں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے اور مواقعوں سے فائدہ اٹھانے میں مدد دیگی۔ انہوں نے متعلقہ ماہرین کی آراء اور مدد لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری ترقی اور خوشحالی کیلئے محرک ثابت ہونگی۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہماری NFC ایوارڈ کی حکمت عملی ہمارے معاشی نظام کو مستحکم کرنے کیلئے ہمیں بلوچستان کا وسیع رقبہ، بلو اکانومی، معدنیات، ماہی گیری اور کھجور کی برآمد وغیرہ پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے طور پر 43 فیصد رقبے پر محیط بلوچستان اسٹریٹجک سرمایہ کاری کا مستحق ہی. یہ بات بھی قابل غور ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کا ایک اہم حصہ امن و امان کی صورتحال اور شہداء کے معاوضوں پر خرچ ہوتا ہے۔