پاکستان جاپان کے تعمیری کردار اور مستقل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، سفیر سہیل محمود

جمعرات 4 ستمبر 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز (آئی ایس ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل سفیر سہیل محمود نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا اور اس سے باہر علاقائی استحکام کو فروغ ، جامع مکالمے اور تعاون پر مبنی حل کے لئے جاپان کے تعمیری کردار اور مستقل حمایت کو بہت زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ جمعرات کو انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے سینئر ڈپٹی وزیر خارجہ کی وفد کے ہمراہ انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد آمد کے موقع پر وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کیا ۔

انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) آمد پر جاپان کے سینئر ڈپٹی وزیر خارجہ سفیر تاکیشی اکاہوری اور ان کے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا جہاں معزز مہمان نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

جاپانی وفد میں محکمہ خارجہ جاپان کے جنوب مغربی ایشیا ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایواسے کیچیرو اور اسلام آباد میں جاپانی سفارتخانہ کے سیکرٹری شینوہارا نوبوکونی بھی شامل تھے۔

آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر سہیل محمود نے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے پاکستان اور جاپان کے باہمی احترام، دیرینہ دوستی اور علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، توانائی، ٹیکنالوجی، انسانی وسائل کی ترقی اور عوام کے مابین تعلقات کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی بھرپور صلاحیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے جاپان کے پاکستان کے ایک طویل عرصے سے ترقیاتی شراکت دار کے طور پر اہم کردار کو بھی نمایاں کیا۔سفیر سہیل محمود نے ابھرتے ہوئے چیلنجز پر نئے نکتہ نظر فراہم کرنے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لئے مضبوط تعلیمی اور پالیسی سطح کے سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے علاقائی رابط کاری کو آگے بڑھانے، افغانستان میں قیام امن اور موسمیاتی لچک، پائیدار ترقی اور بین الاقوامی مالیاتی اور حکومتی اداروں میں اصلاحات جیسے عالمی مسائل کو حل کرنے کے لئے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا اور اس سے باہر علاقائی استحکام کو فروغ دینے، جامع مکالمے اور تعاون پر مبنی حل کے لئے جاپان کے تعمیری کردار اور مستقل حمایت کو بہت زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔سینئر ڈپٹی وزیر اکاہوری نے ایک مستحکم، خوشحال اور مضبوط مستقبل کو فروغ دینے کے لئے جاپان کی پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی مضبوط دلچسپی پر زور دیا۔

انہوں نے موسمیاتی لچک، انسانی وسائل کی ترقی، بنیادی ڈھانچہ اور علاقائی استحکام سمیت پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے جاپان کی مستقل حمایت کو اجاگر کیا اور مشترکہ ترقی کے لیے طویل المدتی تعاون کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، تکنیکی شراکت داری اور عوام کے مابین تعلقات میں دو طرفہ تعاون کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے باہمی افہام و تفہیم کو بڑھانے اور خطے میں وسیع تر امن، استحکام، معاشی ترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنے کے لیے اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر گہرے اور مستقل تبادلے کی حوصلہ افزائی کی۔علاقائی اور عالمی معاملات پر دونوں اطراف نے جنوبی ایشیا، ایشیا پیسیفک اور افغانستان میں ترقی کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے عالمی نظام بشمول بڑی طاقتوں کے تعلقات کے نکتہ نظر پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ایس ایس آئی کے ریسرچ فیکلٹی کے اراکین کی موجودگی میں ہونے والے اس سیشن میں دونوں ممالک کے مابین ہر پہلو سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے باہمی عزم کی تصدیق کی، جس میں بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی تناظر میں دو طرفہ شراکت داری کی پائیدار حکمت عملی کو اجاگر کیا۔