گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کی طالبات سے بہت امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں اور اس کالج سے مستقبل کے بڑے افسران اور ڈاکٹرز ابھریں گے،گورنر بلوچستان

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کی طالبات سے بہت امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں اور اس کالج سے مستقبل کے بڑے افسران اور ڈاکٹرز ابھریں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ پورے صوبے کی لڑکیوں کیلئے رول ماڈل کا کردار ادا کرینگے۔ تاریخی مقامات کی سیر کے ذریعے انسان اپنی تجزیاتی صلاحیت اور مشاہدے کی مہارت کو بہتر بنا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کی طالبات کے گورنر ہاؤس کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کے پرنسپل بریگیڈیئر مرزا فیصل بیگ بھی موجود تھے۔ انہوں نے گرلز کیڈٹ کالج کی طالبات کو پہلی بار گورنر ہاؤس کوئٹہ آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ آج کا دورہ آپ کے علم و معلومات میں اضافہ کریگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آپ صرف پاکستان اور بلوچستان کے مستقبل کے معمار ہی نہیں ہیں بلکہ ہمارے حال میں بھی شراکت دار ہیں۔ گورنر ہاؤس میں آپ کو یہاں برطانوی دور کی تصاویر، مجسمے اور تاریخی نوادرات کے علاوہ یہاں کے نایاب پرندے اور درخت بھی دکھائے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہم آپ کیلئے اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ کا بندوبست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے گرلز کیڈٹ کالج کی پرنسپل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ طالبات کے اخلاق و کردار کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں جسکے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت آپ کا ہے۔ اگر گرلز کیڈٹ کالج کوئٹہ کا تسلسل اسی طرح جاری رہا تو وہ دن دور نہیں جب دوسرے صوبوں کی لڑکیاں بھی یہاں تعلیم کے حصول کی طرف راغب ہونگی۔