ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا۔جاپان تجارتی معاہدے پر دستخط، 550 ارب ڈالر کی جاپانی سرمایہ کاری کا اعلان

جمعہ 5 ستمبر 2025 09:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے امریکا اور جاپان کے درمیان طے پانے والے تجارتی معاہدے کو نافذ کر دیا ہے۔شنہوا کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو ایک نئے دور میں داخل کرے گا۔

ایگزیکٹو آرڈر کے تحت امریکا، جاپان سے درآمد ہونے والی تقریباً تمام اشیاء پر بنیادی 15 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔ تاہم گاڑیاں اور ان کے پرزہ جات، ایرو اسپیس مصنوعات، عام دوا سازی، اور ایسے قدرتی وسائل جو امریکا میں دستیاب یا پیدا نہیں ہوتے، ان کے لیے الگ الگ سیکٹر کی بنیاد پر رعایتی شرائط مقرر کی گئی ہیں۔دوسری جانب، جاپان نے امریکی مینوفیکچرنگ، ایرو اسپیس، زراعت، خوراک، توانائی، آٹوموبائل اور صنعتی مصنوعات کے لیے اپنی مارکیٹ تک بہتر رسائی فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق، جاپان امریکی چاول کی خریداری میں 75 فیصد اضافہ کرے گا، جبکہ امریکی زرعی اجناس کی سالانہ خریداری کا حجم 8 ارب ڈالر تک پہنچایا جائے گا۔اس کے علاوہ جاپان امریکی تیار کردہ اور امریکا میں سیفٹی سے تصدیق شدہ مسافر گاڑیوں کو اضافی ٹیسٹنگ کے بغیر اپنی مارکیٹ میں فروخت کے لیے قبول کرے گا۔سب سے اہم بات یہ کہ جاپان نے امریکا میں 550 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق کیا ہے، جسے معاہدے کا ایک اہم ستون قرار دیا جا رہا ہے۔