چین کا افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے 70 لاکھ ڈالر ،آسٹریلیا کا 10 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان

جمعہ 5 ستمبر 2025 15:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) چین افغانستان میں حالیہ تباہ کن زلزلے کے متاثرین کی بحالی کے لیے 70 لاکھ ڈالر (50 ملین یوان) کی ہنگامی انسانی امداد فراہم کرے گا۔چین کی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے ترجمان لی منگ کے مطابق امداد میں بنیادی طور پر خیمے، کمبل اور خوراک شامل ہو گی جن کی متاثرہ علاقوں میں اشد ضرورت ہے۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب مشرقی افغانستان میں گزشتہ اتوار کو آنے والے شدید زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 2200 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ بڑے پیمانے پر مالی و جانی نقصان ہوا ہے۔ادھر آسٹریلیا نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ افغان زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے 10 لاکھ آسٹریلوی ڈالر (6.5 لاکھ امریکی ڈالر) فراہم کرے گا۔ آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ کے مطابق یہ امداد اقوامِ متحدہ کے افغانستان ہیومینیٹیرین فنڈ کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2021 سے اب تک آسٹریلیا افغانستان کے لیے 260 ملین آسٹریلوی ڈالر (170 ملین امریکی ڈالر) فراہم کر چکا ہے جس میں خاص توجہ خواتین اور بچیوں پر دی گئی ہے۔افغان عبوری حکومت کے نائب ترجمان حمد اللہ فطرت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ کنڑ صوبے میں اموات کی تعداد 2,205 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 3,640 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کو خدشہ ہے کہ ننگرہار، لغمان اور پنجشیر سے ملنے والے اعداد و شمار کے بعد ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔انسانی ہمدردی کے اداروں نے خبردار کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث فوری بین الاقوامی امداد نہ ملنے کی صورت میں بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔اس سے قبل ترکیہ نے بھی متاثرہ علاقوں کے لیے 25 ٹن امدادی سامان روانہ کیا تھا جس میں خیمے، حفظان صحت کی کٹس اور خوراک کے پیکج شامل ہیں۔