تھائی کاروباری شخصیت انوتھن چارنویراکل ملک کے نئے وزیراعظم منتخب

جمعہ 5 ستمبر 2025 15:40

بینکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) تھائی لینڈ کی کاروباری شخصیت انوتھن چارنویراکل ملک کے نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے۔ اے ایف پی کے مطابق تھائی پارلیمان میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے ووٹنگ جمعہ کو ہوئی اور اب تک جاری ووٹنگ میں انوتھن کو 247 سے زائد ووٹ ملے جو کہ قومی اسمبلی کے ایوان زیریں میں موجود 492 اراکین میں اکثریتی حمایت کے لیے کافی ہیں۔

2023 کے انتخابات کے بعد سے شنواترا خاندان کی فیو تھائی پارٹی اقتدار پر قابض رہی لیکن گزشتہ ہفتے عدالت کے فیصلے کے نتیجے میں پارٹی کی رہنما پیتونگتارن شنواترا کو وزارت عظمیٰ سے برطرف کر دیا گیا۔اقتدار میں پیدا ہونے والے خلا کے بعد تعمیراتی صنعت کے سرمایہ کار انوتھن چارنویراکل نے اپوزیشن بلاکس کو ساتھ ملا کر ایک نیا اتحاد قائم کیا تاکہ فیو تھائی پارٹی کو اقتدار سے باہر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انوتھن نے ووٹنگ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایسا ہونا فطری ہے کہ آپ پرجوش ہوں۔شنواترا خاندان کے سربراہ تھاکسن شنواترا ووٹنگ سے چند گھنٹے قبل ملک سے دبئی روانہ ہو گئے۔انوتھن اس سے پہلے ڈپٹی وزیرِاعظم، وزیر داخلہ اور وزیر صحت رہ چکے ہیں۔انہوں نے سب سے بڑی پارلیمانی جماعت پیپلز پارٹی کی حمایت اس شرط پر حاصل کی کہ چار ماہ کے اندر پارلیمنٹ تحلیل کر کے نئے انتخابات کرائے جائیں۔