میں بھی مارک زکربرگ ہوں, امریکی وکیل نے میٹا کے سی ای او کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا

جمعہ 5 ستمبر 2025 16:35

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)امریکہ کے ریاست انڈیانا سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل مارک زکربرگ نے میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔وکیل مارک زکربرگ نے کہا کہ میرا فیس بک پیج آٹھ سال میں پانچ بار بند کیا گیا ہے، کیونکہ کمپنی کے سسٹمز انہیں جعلی اکانٹ سمجھتے ہیں، حالانکہ میرا اصل نام بھی مارک زکربرگ ہی ہے۔

(جاری ہے)

وکیل کے مطابق وہ اپنے نام کی مشکلات کو بیان کرنے کے لیے ایک ویب سائٹ بھی چلا رہے ہیں، وہ 2017 سے کئی بار کمپنی میں شکایت درج کرا چکے ہیں اور اب تک 11 ہزار ڈالر سے زائد خرچ بھی کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ کوئی مذاق نہیں، خاص طور پر جب میرا پیسہ ضائع ہوتا ہے۔وکیل کے مطابق اکثر لوگ فون کالز کو مذاق سمجھ کر کاٹ دیتے ہیں، کبھی ریسٹورنٹ میں ریزرویشن نہیں ہو پاتا اور انہیں اصل مارک زکربرگ کے لیے دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوتے ہیں۔میٹا نے ردعمل میں کہا کہ ہم جانتے ہیں دنیا میں ایک سے زیادہ مارک زکربرگ ہیں اور ہم اس معاملے کو حل کرنے کے لئے طریقہ کار دیکھ رہے ہیں۔