Live Updates

قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ہماری بہادر افواج مادرِ وطن کے دفاع کیلئے ہر دم تیار رہی ہیں، وائس چانسلر بشریٰ مرزا

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزانے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ہماری بہادر افواج مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر دم تیار رہی ہیں، بارہا یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ کوئی دشمن پاکستانی قوم کے عزم و استقلال کو متزلزل نہیں کر سکتا، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اپنے اِن غیور محافظوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جن کی قربانیاں اور حوصلہ ہمیں اتحاد، استقامت اور وطن سے محبت کا درس دیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی دفاع صرف سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ اس میں عوامی خدمت اور مشکل حالات میں متاثرہ ہم وطنوں کی مدد بھی شامل ہے۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ آج کی نسل کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ہم نے اپنے دشمن کو تعلیم، علم اور ہنر کے ذریعے شکست دینی ہے تاکہ پاکستان کو مزید مضبوط اور خود کفیل بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں یومِ دفاع پاکستان نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیاجس کے تحت ایک خصوصی پروگرام بعنوان ’’یومِ دفاع پاکستان کی تاریخ و اہمیت‘‘ منعقد ہوا۔

شعبۂ پاکستان سٹڈیز کے لیکچرر محمد شوزب عسکری نے پاکستان کے یومِ دفاع کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح 1965ء کی جنگ میں افواجِ پاکستان اور عوام نے شجاعت، یکجہتی اور قربانی کی ایسی مثالیں قائم کیں جو ہمیشہ تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔پروگرام میں حالیہ سیلابی آفات کے نقصانات کا بھی ذکر کیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان، بے گھر ہونے والے خاندانوں اور تباہ شدہ ڈھانچے پر روشنی ڈالی گئی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی دفاع کا دائرہ کار وسیع ہے جس میں قدرتی آفات اور دیگر مشکلات کے وقت متاثرہ ہم وطنوں کی مدد بھی شامل ہے۔تقریب کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا جس میں ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور پاکستان ہمیشہ زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات