Live Updates

ڈاکٹرعشرت العباد خان کی اہل وطن کوعید میلادالنبیﷺ کی مبارکباد

ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالی نے ہمیں اس رسول کا امتی بنایا،جو رحمت العالمین تھے،انکی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لئے قابل تقلید ہے،سربراہ میری پہچان پاکستان

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)سابق گورنر سندھ و سربراہ میری پہچان پاکستان(ایم پی پی) ڈاکٹرعشرت العباد خان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پیغام میں اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے لئے بہت بڑا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالی نے ہمیں اس رسول کا امتی بنایا۔جو رحمت العالمین تھے۔

انکی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لئے قابل تقلید ہے۔ آپ ﷺ نے ساری دنیا میں اسلام کے منصفانہ اور عادلانہ قوانین کی دھاک بٹھادی۔ جب تک یہ نظام بالا دست رہا اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات، مزہبی رواداری کے وہ مناظر دکھاتا رہا۔جن کے دیکھنے کی آج نہ معلوم کتنی آنکھیں منتظر ہیں۔رحمت العالمین ﷺکے امتی ہونے کے ناطے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اسوہ حسنہ ﷺ پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

ہمیں اس موقع پر یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہرقسم کے مفادات خواہ وہ کسی بھی طرح کے ہوں ان سے بالاتر ہو کر روسل اکرم ﷺ کے آخری خطبہ حج پر مکمل عمل کریں۔ہم ہر اس عمل سے اجتناب برتیں جس سے ہماری اقدار کو مثال بنایا جائے۔ اتفاق، اتحاد، عفو درگزر، برداشت،صلہ رحمی، مزہبی رواداری، اور مفاہمتی عمل پر مبنی اوصاف پیدا کریں۔ کیونکہ یہی تعلیمات حضرت محمد ﷺکی ہیں۔دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی مسلمانوں کی حفاظت فرمائے۔ غزہ، کشمیر سمیت جہاں جہاں بھی مسلمان مظالم کا شکار ہیں اللہ انکی حفاظت ومدد فرمائے۔ سیلاب زدگان کی مدد اور سیلاب و قدرتی آفات سے محفوظ فرمائے۔ پاکستان کی حفاظت اور اسے عظیم ملک بنائے اور غیب سے مدد ہو۔اللہ ہمیں نبی اکرم ﷺ کی سنت پر عمل کی توفیق دے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات