Live Updates

لاہور میں حضرت محمد ؐ کا یوم ولادتِ ( کل ) ہفتہ کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا ئے گا

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا یوم ولادتِ باسعادت کل12 ربیع الاول بروز ہفتہ کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا ئے گا۔دن کا آغاز صوبائی دارالحکومت میں21 توپوں کی سلامی سے ہوگا،بعد از نماز فجر علما کرام حضور نبی کریمۖ کی شان اقدس میں درود و سلام پیش اور خصوصی دعائیں مانگیں گے،دعائوں میں خصوصا امت مسلمہ کے اتحاد، ملک و ملت کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور پاکستان میں آنے والی سیلابی آفت سے نجات کیلئے اللہ تعالی سے التجا کی جائے گی۔

حضور ۖ کی یوم ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے ملک بھرکے چھوٹے بڑے شہروں میں مختلف تقریبات اور محافل میلاد کا انعقاد کیا جائے گا جو گزشتہ کئی روز سے جاری بھی ہے،جس میں علما و مشائخ اپنے خطابات میں سیرتِ طیبہ ۖکے روشن پہلو اجاگر کر رہے ہیں اور عوام کو تعلیماتِ نبویۖ پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کر رہے ہیں،اس مبارک دن کے موقع پر عمارتوں، گلیوں، شاہراہوں، مساجد اور گھروں کو برقی قمقوں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے، بڑی شاہرائوں پر استقبالیہ دروازے اور بینرز آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ رات کے وقت چراغاں کا خصوصی اہتمام ہوگا۔

(جاری ہے)

جلوسوں اور محافلِ نعت کا اہتمام بھی جاری ہے جن میں عقیدت مند ہدیہ نعت پیش کر کے حضوۖرسے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں، سکیورٹی اداروں کی جانب سے شہریوں کے تحفظ کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عوام پرامن ماحول میں یہ دن مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منا سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات