بارہ ربیع الاول کی شب 12 خوش نصیبوں کے لیے عمرہ قرعہ اندازی ہوگی، گورنر سندھ کا اعلان

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس کراچی میں 1500 ویں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پرنور محافل کا دسویں روز بھی عقیدت و احترام کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ 1500 ویں جشنِ میلاد النبی ﷺ کی سعادت حاصل ہوئی۔ گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں اصلاحی نکات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دلوں کو صاف کریں، سب کو معاف کریں، اللہ دلوں کے حال جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کی رحمت چاہتے ہو تواپنے دل کو حسد سے پاک کرو، معاملات اللہ کے سپرد کرو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کی راہ میں خرچ کروگے تو آپ کی پریشانیاں ختم ہوجائیںگی اور برکتیں نچھاور ہوں گی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سچے دل سے نیت کریں، اجر ضرور ملے گا، انہوں نے مزید کہا کہ جنت کے حصول کے لیے نیکیوں میں اضافہ کریں، یہی نیکیاں بخشش کا ذریعہ بنیں گی۔

گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ بارہ ربیع الاول کی شب 12 خوش نصیب افراد کو عمرہ کی سعادت کے لیے قرعہ اندازی کی جائے گی۔تقریب کے دوران گورنر سندھ نے قرعہ اندازی کے ذریعے شازیہ جاوید اور حمزہ حامد کو عمرہ کے ٹکٹ بھی دئے۔ جشنِ میلاد النبی ﷺ کی تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، اراکین اسمبلی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

قبل ازیں معروف نعت خواں حضرات الحاج صدیق اسماعیل، محمود الحسن اشرفی، وحید ظفر قاسمی، محمد اویس رضا قادری و دیگر نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتوں کے ذریعے عقیدت کے پھول نچھاور کیے، پیر حسان حسیب الرحمن نے ویڈیو لنک کے ذریعے سیرتِ طیبہ ﷺ پر جامع اور مؤثر بیان پیش کیا، جبکہ مولانا عمران بشیر نے بھی سیرتِ رسول ﷺ پر دلنشین گفتگو کی۔ اختتامی دعا پیر محمد سید نقیب الرحمن نے فرمائی۔