وزیر داخلہ محسن نقوی کا کوہاٹ میں فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر خیبرپختونخوا پولیس کو خراج تحسین

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ کے علاقے میں فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر خیبرپختونخوا پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کے پی کے پولیس نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، پولیس نے بہادری کے ساتھ خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے سب انسپکٹر طاہر نواز اورکانسٹیبل محمد علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر داخلہ نے شہید سب انسپکٹر طاہر نواز اور کانسٹیبل محمد علی کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہےاور خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔