ٓحماس کے مسلح ونگ کی یرغمالیوں کی نئی ویڈیو جاری، اسرائیلی میڈیا نے ایک مغوی کی شناخت کرلی

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:35

ڈ*غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء)فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مسلح ونگ نے ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے جس میں دو اسرائیلی یرغمالیوں کو زندہ دکھایا گیا ہے۔ یہ دونوں افراد 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل سے اغوا کیے گئے تھے۔ویڈیو میں ایک مغوی کو ایک گاڑی میں غزہ شہر کی تباہ حال عمارتوں کے درمیان سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مغوی نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے اپیل کی کہ غزہ شہر پر فوجی کارروائی نہ کی جائے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کی شناخت گائے گل بوعہ دلال کے طور پر ہوئی ہے، جو جنوبی اسرائیل میں منعقدہ نووا میوزک فیسٹیول کے دوران حماس کے حملے میں اغوا ہوا تھا۔ویڈیو میں مغوی عبرانی زبان میں کہتا ہے کہ وہ غزہ شہر میں ہے اور اس فوٹیج کی تاریخ 28 اگست2025 ہے۔

(جاری ہے)

کلپ کے آخر میں اسے ایک اور مغوی کے ساتھ دکھایا گیا، تاہم اس کے اہلِ خانہ کی درخواست پر شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مطابق ویڈیو اور اس کی فلم بندی کی تاریخ کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔یاد رہے کہ رواں سال فروری میں بھی حماس نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں گائے گل بوعہ دلال سمیت دو اسرائیلی یرغمالیوں کو دکھایا گیا تھا، جو ایک مختصر جنگ بندی کے دوران یرغمالیوں کی رہائی کی تقریب دیکھ رہے تھے۔