Live Updates

ًوزیراعلیٰ مریم نواز کا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جامع ریلیف پیکیج تیار کرنے کا حکم

،مریم نواز نے متاثرہ خاندانوں کیلئے امدادی رقوم بڑھانے، عارضی رہائش، کھانا، پانی اور طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی ‘سیلاب متاثرہ کاشتکاروں کیلئے بحالی پروگرام، آبی گزرگاہوں پر تعمیرات ریڈ زون قرار، صوبے کیلئے فلڈ ماسٹر پلان کی تیاری کا فیصلہ

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:35

Y لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سیلاب متاثرین کی بحالی سے متعلق طویل ترین خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ نے متاثرین کیلئے جامع ریلیف پیکیج طلب کر لیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ گھروں کی بحالی کو ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے امدادی رقوم بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے گھر اجڑ گئے ہیں، ہم سکون سے نہیں بیٹھ سکتے۔ سیلاب متاثرہ کاشتکاروں کیلئے بحالی پروگرام مرتب کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ ریلیف پیکیج کیلئے سروے جلد مکمل کرنے اور اس مقصد کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔مریم نواز نے واضح کیا کہ سردی کی آمد کے پیش نظر متاثرہ خاندانوں کیلئے ہر ضلع میں مرد و خواتین کیلئے علیحدہ مارکی لگائی جائیں گی، جہاں صاف پانی، کھانا اور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دریاؤں اور ندی نالوں کی آبی گزرگاہوں کو تعمیرات کیلئے ریڈ زون قرار دینے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ آبی گزرگاہوں سے تجاوزات اور غیر قانونی آبادیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ متاثرین کی توقعات پر پورا اترنا میرا اعزاز اور ذمہ داری ہے۔ پنجاب کو سیلاب اور دیگر آفات سے بچانے کیلئے ماسٹر پلان ناگزیر ہے، طویل المدتی اور قلیل المدتی پالیسیوں کے بغیر ہر سال تباہی آتی ہے، جسے اب روکا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات