ح* پشاور ، الیکشن کمیشن کی ششماہی کیلنڈر سرگرمیوں کا خصوصی جائزہ اجلاس

کمیٹیوں کا مقصد تمام طبقات کی شمولیت اور خواتین ووٹرز کے ٹرن آؤٹ میں اضافہ ہے، محمد فرید آفریدی ً 19 اکتوبر کو ویلیج و نائبرہوڈ کونسلوں کی خالی نشستوں پر بلدیاتی انتخابات ہوں گے،صوبائی الیکشن کمشنر

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا محمد فرید آفریدی نے کہا ہے کہ اضلاع کی سطح پر قائم ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاں عوام میں ووٹ کی اہمیت سے متعلق آگاہی دینے میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔یہ بات انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈسٹرکٹ ووٹرز ششماہی کیلنڈر پروگرام (فروری تا جولائی 2025) کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر میڈیا کوآرڈینیشن الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ مس دریا عامر نے کیلنڈر سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔محمد فرید آفریدی نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کام کر رہی ہیں، جن میں متعلقہ اضلاع کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کمیٹیوں کا بنیادی مقصد ووٹرز، بالخصوص خواتین، کو انتخابی عمل میں شمولیت کی ترغیب دینا اور آئندہ عام انتخابات میں ٹرن آؤٹ بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ششماہی سرگرمیوں پر مبنی کیلنڈر پر من و عن عمل کیا گیا ہے اور امید ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز آئندہ سہ ماہی کیلنڈر کے لیے معروضی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹھوس اور قابلِ عمل تجاویز پیش کریں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں 19 اکتوبر 2025 کو ویلیج و نائبرہوڈ کونسلوں کی مختلف خالی نشستوں پر تیسرے بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا ہے۔فرید آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاں مستقبل میں بھی ووٹ کی اہمیت اور شہری ذمہ داریوں سے متعلق عوامی آگاہی کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔