ایس ای سی پی اور موبی لنک بینک کے درمیان کارپوریٹ اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

جمعہ 5 ستمبر 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور موبی لنک مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (موبی لنک بینک) نے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹرڈ کمپنیوں کے لئے کارپوریٹ بینک اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو آسان اور تیز تر بنانا ہے۔

اس سٹریٹجک تعاون کا مقصد شفافیت، کارکردگی اور ریگولیٹری تعمیل کو فروغ دینا ہے جبکہ پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانے کے وسیع تر قومی ایجنڈے میں بھی اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ایم او یو پر ایس ای سی پی کے کمشنر مظفر احمد مرزا اور موبی لنک بینک کے صدر حارث محمود چوہدری نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعید اور دونوں اداروں کے دیگر سینئر عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس ایم او یو کے تحت، یہ تعاون دو مختلف مراحل میں آگے بڑھے گا۔ پہلے مرحلے کے دوران موبی لنک بینک باہمی طور پر طے شدہ وقفوں پر مقررہ فیس کی ادائیگی پر ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ کمپنیوں کی فہرست حاصل کرے گا اور کارپوریٹ اکاؤنٹ کھولنے کے لیے مطلوبہ کمپنی سے متعلقہ تصدیق کے لیے ایس ای سی پی کے فنانشل انسٹی ٹیوشنز (ایف آئی) پورٹل کا بھی استعمال کرے گا۔

دوسرے مرحلے میں، ایس ای سی پی اور موبی لنک بینک ایک محفوظ اے پی آئی کنکشن کے ذریعے ڈیجیٹل انٹیگریشن قائم کرنے کے لیے کام کریں گے جس سے کمپنی کی معلومات کا بغیر کسی رکاوٹ کے اور حقیقی وقت میں تبادلہ ممکن ہوگا۔ اس طرح کارکردگی میں مزید اضافہ ہوگا اور اکاؤنٹ کھولنے کا عمل تیز ہوگا۔ اس کے علاوہ، موبی لنک بینک کمپنیوں کے رجسٹرڈ آفس کے پتے کی موجودگی کی ضروری تصدیق کے بعد ایس ای سی پی کے ساتھ اسٹیٹس اپ ڈیٹس بھی شیئر کرے گا۔

یہ طریقہ کار ایس ای سی پی کے نگران کردار کی حمایت کرے گا اور کارپوریٹ ریکارڈ کی درستگی کو بڑھائے گا، جس سے کارپوریٹ گورننس اور ریگولیٹری نگرانی میں بہتری آئے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی پی کے چیئرمین نے کہا کہ موبی لنک بینک کے ساتھ یہ تعاون جدید ڈیجیٹل حل متعارف کرانے، طریقہ کار کی رکاوٹوں کو کم کرنے اور کارپوریٹ سہولت کاری کو مضبوط بنانے کے ہمارے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے، ایک ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے ہمارا مقصد پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانا اور زیادہ شفافیت کو فروغ دینا ہے۔

موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای اوحارث محمود چوہدری نے کہا کہ ایس ای سی پی کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان کے شفاف اور ڈیجیٹل طور پر با اختیار معیشت کی طرف سفر کی حمایت کرتے ہوئے کاروبار کے لئے بینکنگ کو آسان اور زیادہ قابل رسائی بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے، ایک مستقبل کے لئے تیار بینک کے طور پر ہم ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں تاکہ موثر، قابل اعتماد، اور کسٹمرسینٹرک بینکنگ خدمات فراہم کی جا سکیں جو واقعی ایم ایس ایم ایز کو با اختیار بنائیں۔

موبی لنک بینک کے چیف بزنس آفیسر عطا الرحمٰن نے مزید کہا کہ جدت اور تعاون کے ذریعے کارپوریٹ اکاؤنٹ کھولنے کو ہموار کرکے، ہم کارپوریٹ کمپنیوں /ایم ایس ایم ایز اور ایس ایم ایز کو مالی شمولیت کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں اور انہیں دستاویزی معیشت کا حصہ بننے میں سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ایس ای سی پی اور موبی لنک بینک کے درمیان یہ تعاون مالی شمولیت کو بڑھانے، کارپوریٹ سیکٹر میں زیادہ شفافیت کو یقینی بنانے اور ایک ڈیجیٹل طور پر با اختیار ماحولیاتی نظام کی تعمیر کی طرف ایک اہم قدم ہے جو پورے پاکستان میں کاروباری ترقی اور تعمیل کو فروغ دیتا ہے۔