پاکستان سنی تحریک کی عظیم الشان میلاد ریلی لیاقت آباد ڈاکخانہ سے نکلی ہزاروں عاشقان رسول کی شرکت

ایمان کی معراج نبی کریم ﷺ سے عشق ومحبت ہے میلاد ریلی سے سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی کا خطاب

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ ایمان کی معراج نبی کریم ﷺ سے عشق ومحبت ہے ،کائنات کی ہر شہ سے بڑھ کر نبی کریم ﷺ سے محبت کرنا میلاد ہے ،میلاد مصطفی ﷺ منانا اللہ کی وحدانیت کی دلیل اور عشق رسول کی علامت ہے ،حضور اکرم ﷺ اللہ عزوجل کا فضل رحمت اور نعمت ہیں فضل نعمت اور رحمت کے ملنے پر قرآنی حکم ہے کہ خوشیاں منائی جائیں اور رب کی نعمت کا خوب خوب چرچا کیا جائے ،پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا لیکن افسوس یہاں نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ نہیں ہوسکا ،نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ سے ہی پاکستان بلندیوں کی طرف جائیگا انصاف عام ہوگا ظالموں کو فوری سزا ہوگی ، پاکستان میں سیکولر ولبرل ازم سمیت تمام نظام ناکام ہوچکے ہیں ،نظام مصطفی کا نفاذ تمام مسائل کا حل اور ملک کی ترقی کی ضمانت ہے ،اتحاد ویکجہتی کی طاقت سے اسلام وملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام اور شکست دی جاسکتی ہے ،دین اسلام امن وسلامتی احترام انسانیت کا درس دیتا ہے ،ہمیں فرقہ واریت کو ختم کرنے کیلئے اسلام کی اصل روح پر چلنا ہوگا ،دین اسلام میں بگاڑ اور فرقہ واریت پھیلانے والے یہود ونصاری کے ایجنڈے پر گامزن ہیں ،دورود وسلام کی صدائوں سے فضا کو معطر اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہوگا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحریک کے تحت لیاقت آباد ڈاکخانہ سے نکالی گئی عظیم شان میلاد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر نائب سربراہ محمدشاہد غوری مرکزی رہنمائوں فہیم الدین شیخ ،محمد آفتاب قادری محمد شہزاد قادری،محمد مبین قادری،محمد سلیم قادری مرکزی رابطہ کمیٹی ارکان غلام مرتضی قادری،ظہیر الحسن قادری ،کراچی امیر محمد فرقان قادری ،نائب امیر فرحان راجپوت ،نائب امیر عارف منصوری ،صاحبزادہ بلال رضا بھٹی ارکان کراچی رابطہ کمیٹی اور جید علما کرام بھی موجود تھے ،محمد شاداب رضا نقشبندی نے عالم اسلام کو جشن ولادت رسول ﷺ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہر گھر گلی محلے میں سبز پر چم لہرارہے ہیں ،چراغاں ہورہا ہے اور برقی قمقموں سے سجاوٹ اور دورود وسلام کی صدائوں سے فضا معطر ہے،انہوں کا کہنا تھا کہ سرکار دوعالم وجہ تخلیق کائنات ہیں ،دین اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جو تمام مذاہب کو تحفظ دیتا ہے ،انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ نفرتوں کو ختم اور محبتوں کو عام کرنے کا درس دیتی ہے ،اسلام کے حقیقی فلسفے پر چل کر ہی انتہاپسندی کو ختم اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکتا ہے ،اہلسنت میلاد منانے والے اور بانیان پاکستان کی اولاد ہیں ،پاکستان کی سلامتی واستحکام کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے۔