گوگل پر بھاری جرمانے کے بعد امریکی صدر کی یورپی یونین کو مزید ٹیرف لگانے کی دھمکی

ہفتہ 6 ستمبر 2025 09:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کی جانب سے گوگل پر 2.95 ارب یورو (تقریباً 3.47 ارب امریکی ڈالر) کا اینٹی ٹرسٹ جرمانہ عائد کیے جانے کے بعد یورپی مصنوعات پر مزید ٹیرف (محصولات) لگانے کی دھمکی دے دی ہے۔

(جاری ہے)

شنہوا کےمطابق یورپی یونین کے فیصلے کے فوراً بعد، ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ یورپ نے آج ایک اور عظیم امریکی کمپنی، گوگل، پر 3.5 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا۔

یہ وہ رقم ہے جو امریکی سرمایہ کاری اور ملازمتوں میں لگنی تھی، اور اب وہ چھین لی گئی ہے… یہ انتہائی غیر منصفانہ ہے، اور امریکی ٹیکس دہندگان اسے برداشت نہیں کریں گے۔امریکی صدر نے مزید کہاکہ میں پہلے کہہ چکا ہوں، میری انتظامیہ ان امتیازی اقدامات کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی… میں سیکشن 301 کے تحت کارروائی شروع کرنے پر مجبور ہو جاؤں گا تاکہ ان غیر منصفانہ جرمانوں کو ختم کیا جا سکے جو امریکی کمپنیوں پر عائد کیے جا رہے ہیں۔