غزہ کے عوام کے لیے سعودی عرب کا 62 واں امدادی طیارہ مصر پہنچ گیا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 09:50

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) سعودی عرب کی 62 ویں امدادی پرواز کل جمعہ کو مصر کے العریش انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔العربیہ کے مطابق یہ پروازشاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے وزارت دفاع اور قاہرہ میں سعودی سفارت خانے کے تعاون سے روانہ کی گئی تھی۔ طیارے میں غذائی سامان کی بڑی تعداد موجود ہے جسے غزہ کے متاثرہ فلسطینی عوام تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ امداد سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے عوام کی مدد کے تسلسل کا حصہ ہے تاکہ بھوک اور مشکل حالات کا سامنا کرنے والے فلسطینی بھائیوں کی تکالیف کم کی جا سکیں۔خیال رہے کہ غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سےسعودی عرب نے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے لیے امداد کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا جس کے لیے مملکت کی جانب سے فضائی پل قائم کیا گیا۔ سعودی عرب کی جانب سے اب تک سیکڑوں ٹن خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضرورت کی اشیاء غزہ روانہ کی جا چکی ہیں۔