سائنس آن ویلز، چائنا میڈیا گروپ کا یتیم بچوں کے لیے تعلیمی اور تفریحی پروگرام

ہفتہ 6 ستمبر 2025 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) نے اسلام آباد میں ایدھی ہوم کے زیرِ کفالت یتیم بچوں کے لیے ’’ سائنس آن ویلز‘‘ کے نام سے ایک منفرد اور دلچسپ تعلیمی و تفریحی پروگرام کا انعقاد کیا۔ تقریب کا مقصد بچوں میں سائنسی شعور بیدار کرنا اور ان کے چہروں پر خوشی لانا تھا۔ اس موقع پر بچوں کے لیے اینیمیٹڈ ڈاکیومنٹریز، جادوئی شو اور موسیقی کے سیشنز کا اہتمام کیا گیا جنہوں نے بچوں کو نہ صرف محظوظ کیا بلکہ انہیں سیکھنے کا نیا انداز بھی فراہم کیا۔

پروگرام کی مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بچے جو والدین کی شفقت سے محروم ہیں، ان کے لیے سائنس آن ویلز جیسے پروگرام امید کی کرن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے چائنا میڈیا گروپ کے اس اقدام کو پاک چین دوستی کی روشن مثال قرار دیا۔ تقریب میں مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں ایئر وائس مارشل (ر) آفتاب حسین، ڈاکٹر شکیل احمد اور سماجی کارکن حنان عباسی شامل تھے۔

ان کی موجودگی نے بچوں کے حوصلے بلند کیے اور ان میں خود اعتمادی پیدا کی۔ پروگرام "سائنس آن ویلز" چین کے اس عالمی وژن کا حصہ ہے جس کے تحت ہر بچے کو معیاری تعلیم، سیکھنے کے مواقع اور خوشی فراہم کرنا مقصد ہے، چاہے وہ کسی بھی پس منظر سے تعلق رکھتا ہو۔ یہ پروگرام پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم قدم ثابت ہو گا۔