یومِ دفاع پاکستان، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ کی مزار اقبال پر حاضری ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی

ہفتہ 6 ستمبر 2025 12:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے مزارِ اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی ملی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اقبال کے افکار اور رہنمائی نے تحریکِ پاکستان کو ایک نیا جذبہ بخشا۔

انہی کی فکر کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمان آزادی کے حصول کے لیے یکجا ہوئے۔لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے کہ دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام ایک ہیں، 6ستمبر کی تاریخ ہماری قومی یکجہتی اور قربانی کی علامت ہے اور مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔بعد ازاں مزارِ اقبال پر منعقدہ تقریب میں بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ کور کمانڈر لاہور نے مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔