6ستمبر شجاعت اور بہادری کاتاریخ ساز دن جب شہدا، غازیوں اورقوم نے ملکر پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا،محسن نقوی

ہفتہ 6 ستمبر 2025 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےکہا ہے کہ 6ستمبر شجاعت اور بہادری کاتاریخ ساز دن جب شہدا، غازیوں اورقوم نے ملکر پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ یوم دفاع وشہداء پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

دفاع وطن کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن،بان اور شان ہیں۔یوم دفاع و شہداء عزم،حوصلے اور قربانی کی زندہ میراث ہیں۔مکار دشمن کی سازش کے بت مسلح افواج اور قوم کے ایمان، جذبے اور جرات کے سامنے پاش پاش ہو گئے۔ وہ دشمن جو جمخانہ میں چائے کے خواب دیکھ رہا تھا، بدترین شکست کھا کر خالی ہاتھ بھاگا۔

(جاری ہے)

قصور سے لاہور، سیالکوٹ سے کشمیر تک پاک فوج نے بے مثال جرات اور غیرمتزلزل عزم کے ساتھ دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیااور مادرِ وطن کو اپنے خون سے سینچا۔

معرکہ چونڈہ تاریخ میں سنہری حرفوں سے لکھا گیا ہےجہاں جوانوں نے جسموں سے بارود باندھ کر دشمن کے ٹینکوں کوتباہ کیا۔بہادر سپوتوں کی قربانی نے دشمن کے ٹینکوں کو قبرستان میں بدلا اور جرات کی عظیم مثال رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔سلام ان بہادروں پر جنہوں نے جانیں قربان کر کے سرحدوں کو ناقابلِ عبور بنا دیا اور دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔

یہ وہ سپوت ہیں جنہوں نے اپنی سینہ سپری سے آنے والی نسلوں کو آزادی، امن اور وقار کی نعمت عطا کی۔شہداء اور غازیوں کے ورثے سے ملنے والی طاقت۔ جذبہ اور شجاعت ہماری اصل قوت ہے۔یوم دفاع و شہداء کی عظیم کامیابی کاتسلسل آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح میں ملا ہے۔6 ستمبر اس وعدے کی تجدید ہے کہ وطن کی حرمت پر کبھی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور قربانی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے گا۔