Live Updates

سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ساہیوال

ہفتہ 6 ستمبر 2025 17:40

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے چک نمبر 199/7 ڈی آر میں قائم سیلاب ریلیف کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ریلیف کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کو مقامی انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کو مہیا کی جانے والی خوراک، صاف پانی، طبی امداد اور رہائش کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے ریلیف کیمپ میں موجود عملے کو ہدایت کی کہ متاثرین کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خواتین اور بچوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

ڈاکٹرسیف اللہ بھٹی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی تک حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے انتظامیہ کو تنبیہ کی کہ ریلیف کے کام میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات