رکن قومی اسمبلی علی زاہد خاں کی یادگارِ شہدا پر حاضری، ستمبر 1965 کی جنگ کے شہداء کو خراجِ عقیدت

ہفتہ 6 ستمبر 2025 19:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) رکن قومی اسمبلی علی زاہد خاں نے چونڈہ قبرستان میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، چادر چڑھائی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے بلدیات خرم خان ورک، اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، ڈی ایس پی پسرور اور دیگر معزز شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

(جاری ہے)

چونڈہ کا یہ قبرستان 1965 کی جنگ کے اُن بہادر سپاہیوں اور فوجی افسران کی آخری آرام گاہ ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ مقام اس عظیم معرکے کی یاد دلاتا ہے جہاں دنیا کی سب سے بڑی ٹینکوں کی جنگ لڑی گئی اور پاکستانی افواج نے شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔رکن قومی اسمبلی علی زاہد خاں نے کہا کہ 1965 کی جنگ کے شہداء نے ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، قوم ان کی قربانیوں کوہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے باعث آج ہم آزادی اور سکون کی زندگی گزار رہے ہیں اور پوری قوم شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔