تھانہ کھنہ پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کلو سے زیادہ آئس برآمد کرلی

اتوار 7 ستمبر 2025 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) اسلام آباد تھانہ کھنہ پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کلو سے زیادہ آئس برآمد کرلی۔ تھانہ کھنہ کی ٹیم نے ایس ایچ او عامر حیات کی نگرانی میں انسداد منشیات کی دو الگ الگ کارروائیوں میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 1.097 کلوگرام آئس برآمد کی ہے۔

اسلام آباد پولیس حکام نے کہا ہے کہ 4 ستمبر کو پہلے چھاپے کے دوران اے ایس آئی محمد افضل اور ان کی ٹیم نے لہتراڑ روڈ پر گشت کے دوران ایک مشکوک شخص کو روکا، ملزم کی شناخت عارف خان ولد امیر بہادر خان سکنہ مردان کے نام سے ہوئی جو اس وقت بلال ٹاؤن کھنہ میں رہائش پذیر ہے، ملزم کے قبضے سے سفید پولی تھین بیگ میں 387 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئس کے ایک گرام کو بطور نمونہ الگ کیا گیا جبکہ باقی 386 گرام آئس کو سیل کرکے تحویل میں لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ 6 ستمبر کو کی گئی دوسری کارروائی میں اے ایس آئی لئیق شاہ اور ان کی ٹیم نے ایکسپریس وے پر کھنہ پل کے قریب ایک اور مشتبہ شخص کو روکا۔

ملزم کی شناخت شاہد خان عرف فقیر گل ولد ملک تاج عرف تاجی کے نام سے ہوئی جو مردان کا رہائشی اس وقت پنڈوریاں کھنہ میں رہائش پذیر ہے، جس کے قبضے سے نیلے رنگ کے پلاسٹک کے تھیلے میں 710 گرام آئس برآمد کی گئی ہے ۔ ایک گرام کو نمونے کے طور پر الگ کیا گیا ہے جبکہ 709 گرام کو دو پارسلوں میں بند کرکے محفوظ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ موبائل فون پر بھی ریکارڈ کیا گیا اور میموری کارڈ کو بطور ثبوت محفوظ کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 1.097 کلو گرام آئس برآمد ہوئی ہے ۔ ایس ایچ او کھنہ عامر حیات نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کو برقرار رکھا جا رہا ہے اور علاقے سے منشیات کے تمام نیٹ ورک کے خاتمے تک سخت کارروائی جاری رہے گی۔