وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران اربوں ڈالرز کے معاہدوں پر دستخط سے پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،افتخار علی ملک

اتوار 7 ستمبر 2025 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران 8.5 بلین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ اتوار کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نئے ایم او یوز سے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت تعاون کے ایک نئے دور کی راہ ہموار ہو گی جو پاکستان کے معاشی مستقبل کی بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان کے نجی شعبے خصوصا تجارت اور صنعت سے وابستہ افراد کو برآمدات میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور مسابقت کو بہتر بنانے کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے، ہم مصنوعات کو متنوع بنا کر اور چین کی ویلیو چینز کے ساتھ مربوط ہو کر اپنی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔افتخار علی ملک نے کہا کہ ان معاہدوں سے علاقائی تعاون کی نئی راہیں بھی کھلیں گی،آزمائش کی ہر گھڑی میں چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، نئے ایم او یوز سے رابطوں، انفراسٹرکچر، توانائی اور صنعتی تعاون میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔