پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کے امکانات روشن،کئی سال بعد امریکی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

اتوار 7 ستمبر 2025 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)امریکی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، کئی سال بعد امریکی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ۔کراچی میں امریکی قونصل خانے کی ٹیم اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے شہر قائد آمد پر امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی انسپکٹرز کا استقبال کیا، ذرائع کے مطابق امریکی ٹیم کی آمد پر کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کی 5 رکنی ٹیم دبئی سے غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچی، یہ ٹیم پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا آڈٹ کرے گی، سی اے اے کے شعبہ لائسنسنگ، فلائٹ اسٹینڈرڈ، ایئروردنیس، اور اسٹیٹ سیفٹی شعبوں کا آڈٹ ہوگا۔

(جاری ہے)

امریکی ٹیم 12 ستمبر تک پاکستان سول ایوی ایشن کا آڈٹ مکمل کر کے پاکستان سے روانہ ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستانی ایئر لائنز پر جعلی لائسنس پائلٹس اسکینڈل سامنے آنے کے بعد برطانیہ، یورپ اور امریکا میں پاکستانی ایئر لائنوں کی پروازوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اسکینڈل کے بعد امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان سی اے اے کی ریٹنگ بھی کم کر دی تھی۔ذرائع نے بتایاکہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے آڈٹ میں کامیابی پر پاکستانی ایئر لائنوں کی امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی ہو سکے گی، آڈٹ میں کامیابی پاکستانی سی اے اے کی ریٹنگ میں بھی بہتری آئے گی۔