Live Updates

پی ٹی آئی نے پختون نوجوان کو گمراہ کرکے ملک ،افواج کے خلاف منفی من گھڑت پروپیگنڈے پر لگا دیا ہے ، انجینئر امیر مقام

لیگی رہنماء نواز شریف اور شہباز شریف نے نوجوانوں کو ملک و قوم کے معمار سمجھ کر ان کیلئے روزگار سکیم ،لیپ ٹاپ سمیت دیگر سکیمیں متعارف کراکے مستقبل محفوظ بنانے کیلئے توانائیاں صرف کر دی ہیں، وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان

اتوار 7 ستمبر 2025 19:50

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنی صوبائی حکومت میں خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لیے کچھ نہیں کیا پی ٹی آئی والوں نے پختون نوجوان کو گمراہ کرکے ان کو اپنے ملک اور افواج کے خلاف منفی من گھڑت پروپیگنڈے پر لگا دیا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماں میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو اس ملک و قوم کے معمار سمجھ کر ان کے لیے روزگار سکیم ،لیپ ٹاپ سمیت دیگر سکیمیں متعارف کراکے ان کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کر دی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری مشعیت الرحمان،طاہر خان محمدزئی اور دیگر لیگی رہنما اور مسلم یوتھ کے رہنما موجود تھے انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں اپنی 13سالہ دور حکومت میں نوجوانوں کے حقوق کی نام نہاد علمبرداری کے دعوے کے سوا کچھ نہیں کیا ہے اور نوجوانوں کو معاشی استحکام کی بجائے ان کو منفی پروپیگنڈے پر لگا کر ان کو گمراہ کردیا ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے نوجوانوں کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے روزگار سکیم لیپ ٹاپ سکیم سمیت دیگر اہم منصوبوں کے زریعے معاشی اقتصادی اور تعلیمی اعتبار سے خود کفیل کرکے ان کی ذہنی آبیاری کی انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ،افواج پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ ن کے نوجوان اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہم سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرکے دم لیں گے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم ،عوام اور افواج متحد ہے اس لیے وفاقی حکومت سیلاب کے دوران افواج پاکستان کا سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کارروائیوں اور بحالی پر افواج پاکستان کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت پوری افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکن بلخصوص مسلم لیگ یوتھ ونگ آنے والے انتخابات کے لیے ابھی سے کمپین شروع کریں خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں حکومت پاکستان مسلم لیگ ن کی ہی ہوگی۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات