ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے اغوا کا کیس: ملزم حسن زاہد کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع

اتوار 7 ستمبر 2025 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا اور دھمکیاں دینے کے کیس میں گرفتار ملزم حسن زائد کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی۔اسلام آباد پولیس نے ملزم حسن زاہد کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اظہر ندیم پیش کیا۔

وکیل صفائی نے عدالت میں موقف اپنایا کہ پولیس پہلے بتائے کہ ملزم کا 2 دن کا ریمانڈ تھا، آج 5 دن بعد کیوں پیش کیا گیا ہے، عدالت پہلے ریمانڈ کا آڈر دیکھ سکتی ہے۔پولیس نے موقف اپنایا کہ پچھلے آڈر میں 2 دن کے ریمانڈ کی ٹاپئنگ کی غلطی تھی جس کو فوراً ٹھیک کروا لیا گیا تھا۔ملزم حسن زاہد کے وکیل نے ملزم اور مدعیہ کی ٹرانزکیشن ہسٹری عدالت میں پیش کی، مدعیہ سامعہ حجاب کی والدین کے حوالے سے بیان کی ویڈیو بھی عدالت میں پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی موقف اپنایا کہ ملزم حسن زاہد اور مدعیہ کی منگنی ہوچکی ہے، وکیل نے حسن زاہد اور سامعہ حجاب کی منگنی کی تصاویر بھی عدالت میں پیش کردیں۔پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزم سے 45 ہزار روپے رقم ریکور کر لی گئی ہے، ملزم سے گاڑی، اسلحہ ریکور کرنا ہے اور اس کے ساتھی ملزمان کو گرفتار کرنا ہے، ملزم کا مزید 8 روزہ ریمانڈ مطلوب ہے۔ملزم کے وکیل نے کہا کہ حسن زاہد نے ایک مقدمہ میں ضمانت کروائی تو جان بوجھ کر دوسرے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا، جس وقت کا وقوعہ بنایا گیا ہے ملزم اس وقت جناح سپر مارکیٹ میں موجود تھا، ملزم حسن زاہد نے سامعہ حجاب سے رقم واپسی کا مطالبہ کیا تو جعلی رسیدیں دی گئی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم حسن زاہد کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی، ملزم حسن زاہد کیخلاف تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج درج ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کی ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے ایک ویڈیو میں بتایا تھا کہ وہ ثنا یوسف کی دوست ہیں اور حسن زاہد انہیں ہراساں کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص دو سے تین ماہ سے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا اور شادی کے لیے مجبور کر رہا تھا، ایک موقع پر جب وہ گیٹ کھولنے باہر گئیں تو اس نے ان کا موبائل چھین کر انہیں گاڑی میں گھسیٹ لیا، جس کی ریکارڈنگ بھی موجود ہے۔

اس واقعے کے بعد اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں حسن زاہد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا اور عدالت میں پیش کیا۔عدالت میں ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ سر! مجھ سے غلطی ہوگئی ہے، عدالت نے پولیس کی استدعا پر اسے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر دے دیا تھا۔واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سامعہ حجاب اور حسن زاہد کی کئی ویڈیوز وائرل ہوئیں، جن میں دونوں کا تعلق دوستی سے بڑھ کر نظر آیا، ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ سامعہ حسن سے پیسے لے رہی تھیں اور آن لائن ٹرانزیکشنز کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے گئے، یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ حسن سامعہ کو اغوا کرنے نہیں بلکہ اپنے پیسے واپس لینے گیا تھا۔