اندرون سندھ مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی کی فراہمی معطل

نشیبی علاقے زیر آب، بجلی غائب اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا تاہم موسم خوشگوار، گرمی کی شدت میں کمی آگئی

پیر 8 ستمبر 2025 12:05

ٹنڈو محمد خان/حیدرآباد/روہڑی/پڈعیدن/لاڑکانہ/نوشہروفیروز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، روہڑی، پڈعیدن، لاڑکانہ اور نوشہروفیروز سمیت کئی شہروں میں بارشوں نے معمولات زندگی کو متاثر کیا ہے۔

ٹنڈو محمد خان میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔بارش کے دوران حیسکو نے بجلی کی فراہمی بند کر دی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مواصلاتی نظام بھی متاثر ہو گیا ہے۔حیدرآباد اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث وسیع علاقے کی بجلی بند ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔روہڑی میں بھی شہر اور گردونواح میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے دوران شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔پڈعیدن شہر اور گردونواح میں تیز ہوائوں اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث شہر میں حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم واپڈا کے ذرائع کے مطابق 6 فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں اور شہر سمیت دیہات کی بجلی بند ہو گئی ہے۔

لاڑکانہ اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔بارش کے نتیجے میں بجلی کی ترسیل معطل ہو گئی ہے، تاہم موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔نوشہروفیروز شہر اور گرد و نواح میں ہلکی ہلکی بارش شروع ہو گئی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔جوہی شہر میں تیز آندھی کے بعد بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے بعد شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔