مانسہرہ پولیس کی کارروائی ، 3 ملزمان گرفتار

پیر 8 ستمبر 2025 12:30

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) مانسہرہ پولیس نےکارروائی کے دوران غیر قانونی لکڑ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی زیر نگرانی ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تھانہ لاری اڈہ پولیس نے بیدڑہ انٹرچینج پر مشکوک ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے جان بوجھ کر پولیس اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کی۔

تاہم پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو محفوظ بنایا اور ٹرک کا تعاقب کر کے اسے روک لیا۔ جانچ پڑتال پر ٹرک سے بڑی مقدار میں غیر قانونی لکڑ برآمد ہوئی۔ ٹرک میں موجود 3 ملزمان جمشید ، راشداور سرفرازکو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

برآمد شدہ لکڑی کے حوالے سے محکمہ جنگلات کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ مزید کارروائی اور جرمانہ کیا جا سکے۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے غیر قانونی لکڑی سمگلنگ کے اس واقعے پر ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی زیر نگرانی انکوائری کا بھی آغاز بھی کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹمبر مافیا کے خلاف پولیس کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔