Live Updates

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، محمد بلال محمدزئی

پیر 8 ستمبر 2025 12:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد بلال محمدزئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ضلع چارسدہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں ایک ہے۔ ترجمان پاکستان مسلم لیگ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلابی صورتحال اور بارشوں کے باعث گلیوں اور محلوں میں پانی جمع ہے جو ڈینگی مچھر کی افزائش کا سبب بن رہا ہے لیکن خیبر پختونخوا کے حکومتی ادارے بروقت اقدامات کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ اگر فوری اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہ کئے گئے تو یہ وبا مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہیں اور اب ڈینگی وبا نے ان کی زندگیوں کو مزید خطرات میں ڈال دیا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔ صوبائی حکومت کو صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فنڈز، طبی سہولیات اور ایمرجنسی سپورٹ فراہم کرے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور محلوں میں صفائی کی صورتحال کو یقینی بنائیں، پانی جمع نہ ہونے دیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف عوام کی نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بیماریوں اور آفات سے تحفظ فراہم کرے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات