بھارتی بی ایس ایف نے کشمیری شہری کو گرفتار کر کے اسے غیر ملکی قراردیدیا

پیر 8 ستمبر 2025 14:27

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںبھارتی پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)نے ضلع جموں میں ایک بے گناہ کشمیری شہری کو گرفتار کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے اسے ایک غیر ملکی قراردے دیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بی ایس ایف کے اہلکاروں نے اتوار کی شام آر ایس پورہ کے علاقے میں ورکنگ بائونڈری کے قریب تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران نہتے شہری کو اٹھایا، اسے من گھڑت الزامات کے تحت پوچھ گچھ کے لیے تفتیشی مرکز منتقل کر دیا گیا۔

مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب رہنے والے حقیقی کشمیری باشندے ہیں جن کے صدیوں سے ثقافتی، خاندانی اور تجارتی تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری اس پورے علاقے کو اپنا وطن سمجھتے ہیں اور کنٹرول لائن کے آرپار آزادانہ نقل و حرکت کا حق رکھتے ہیں۔تاہم بھارت اپنے قبضے کو تقویت دینے کے لیے جان بوجھ کر ایسی شہری تحریک کو ’’سرحد پار دہشت گردی‘‘کے طور پر پیش کرتا ہے۔

بہت سے معاملات میں مقامی دیہاتی جو مویشی چراتے ہوئے یا ادویات کے لئے جڑی بوٹیاں اکٹھے کرتے ہوئے غلطی سے کنٹرول لائن عبورکرجاتے ہیں، انہیں گرفتار کیا جاتا ہے، تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور بغیر مقدمہ چلائے سالہا سال تک جیلوں میں سڑایا جاتا ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے کشمیری شہریوں کو غیر ملکی قرار دینے کا پروپیگنڈہ مقامی آبادی کو مجرم کے طورپر پیش کرنے اور انہیں ان کے تاریخی اور سیاسی حقوق سے محروم کرنے کی ایک بڑی سازش کا حصہ ہے۔

بھارت کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ غلطی سے کنٹرول لائن عبورکرنے والے بھولے بھالے شہریوںکو پکڑلیاجاتا ہے اوپھرپاکستان اورتحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کے لئے انہیں خاص مواقع پر جعلی مقابلوں میں شہید کرکے غیر ملکی قراردیا جاتا ہے تاکہ دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکی جاسکے۔ماضی میں ایسے کئی واقعات کی مثالیں موجود ہیں۔