Live Updates

جلالپور پیروالا میں سیلاب متاثرین کا ہنگامی انخلاء، ہیلی کاپٹر اور ڈرون ٹیکنالوجی سے ریسکیو آپریشن جاری

پیر 8 ستمبر 2025 16:17

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جلالپور پیروالا میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی انخلاء کا عمل جاری ہے، اب تک 2 ہزار سے زائد افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو ریسکیو آپریشن کی براہ راست قیادت کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق آرمی ایوی ایشن اور پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹر بھی آپریشن میں شامل ہو چکے ہیں جو بلند مقامات پر پھنسے متاثرین تک خشک راشن پہنچا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ سیلاب میں گھرے افراد تک تھرمل ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے رسائی حاصل کی جا رہی ہے جبکہ شہر کو بچانے کے لئے مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مزید ایک ہزار لائف جیکٹس اور لائف رنگ بھی جلالپور پیروالا پہنچا دیئے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق انخلا کے لئے سٹی میں 29، جلالپور پیروالا میں 17 اور تحصیل شجاع آباد میں 10 بوٹس مسلسل کام کر رہی ہیں تاکہ متاثرین کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات