صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس میں شرکت

پیر 8 ستمبر 2025 16:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) امن و بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر اسلام آباد میں اہم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مذہبی رہنماؤں، سفیروں اور حکومتی نمائندگان نے شرکت کی۔ کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، ویٹی کن کے سفیر، اٹلی کے سفیر، امام بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الچبیرآزاد، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ، ڈاکٹر پال بھٹی (شہباز بھٹی فاؤنڈیشن کے نمائندہ) اور مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر پال بھٹی نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کانفرنس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امن اور ہم آہنگی کی ضرورت سرحدوں اور مذاہب سے بالاتر ہے۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کے وڑن کو دہرایا کہ پاکستان میں ہر شہری کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہباز بھٹی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ امن قائم کرنا انصاف، باہمی احترام اور ہمدردی پر مبنی معاشرہ تشکیل دینا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام کا اصل پیغام امن، برداشت اور پوری انسانیت کا احترام ہے۔ اس نوعیت کی کانفرنسیں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

ویٹی کن کے سفیر نے کہا کہ مذاہب کے درمیان مکالمہ ناگزیر ہی نہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔ پاکستان کی کوششیں دنیا کے لیے ایک مثبت مثال ہیں۔اٹلی کے سفیر نے کہا کہ اٹلی، پاکستان کی ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کی کوششوں میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ جب تنوع کا احترام کیا جائے تو یہ کسی قوم کی اصل طاقت بن جاتا ہے۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت پاکستان مذہبی تعلیمات اور بانیانِ قوم کے وڑن کے مطابق بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ہم سب مل کر عدم برداشت اور انتہاپسندی کو شکست دیں گے۔ کانفرنس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تمام شرکاء امن، اتحاد اور مذاہب کے درمیان باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔