Live Updates

ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب کا تحصیل جلال پور پیروالا کا دورہ،سیلابی صورتحال کا جائز

پیر 8 ستمبر 2025 18:26

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے سیلاب سے متاثرہ تحصیل جلال پور پیروالا کا ہنگامی دورہ کیا اور دریائے چناب کے فلڈ بند بہاراں پر جاری ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے عوام کو کٹھن صورتحال کا سامنا ہے، تاہم حکومت اس مشکل وقت میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جلال پور پیروالا میں ریسکیو کی 11 اور پاک فوج کی 26 کشتیاں عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں جبکہ فوج نے ریسکیو آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو لمحہ بہ لمحہ ریسکیو آپریشن کی رپورٹ ارسال کی جا رہی ہے اور وہ بہت جلد سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور ریلیف کے بعد متاثرین کی بحالی کے اقدامات بھی شروع کیے جائیں گےاسسٹنٹ کمشنر جلال پور پیروالا ذوالفقار علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 8 ہزار سے زائد متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے اور آخری متاثرہ شخص کو ریسکیو کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر اور اسٹاف آفیسر غلام سرور بھی ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات