Live Updates

ایشیاء کپ مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ (کل )سے متحدہ عرب امارات میں شروع

پیر 8 ستمبر 2025 20:03

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)ایشیاء کپ مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کل (منگل ) کے روز سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہا ہے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ ایشیاء کپ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے اور یہ اس خطے میں کرکٹ کے فروغ کے ضمن میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔یہ ایک ایسا ٹورنامنٹ ہے جس میں آپ کو ہر میچ پر مکمل توجہ دینے کی ضرورت ہے آپ کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھ سکتے۔

ہماری پہلی ترجیح سپر فور میں کوالیفائی کرنے پر ہوگی اور پھر تین میچوں میں اچھی کارکردگی سے ہم آگے بڑھیں گے۔مائیک ہیسن نے پاکستان ٹیم کی موجودہ کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے 14میں سے 10میچز جیتے ہیں یہ اچھا آغاز ہے۔ہم نے افغانستان کوان کنڈیشنز میں شکست دی ہے جو اس کے سپن اٹیک کے حق میں تھیں اور یہ چیز پاکستان ٹیم کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنی ہے۔

(جاری ہے)

ہر کھلاڑی کا کنٹری بیوشن رہا ہے۔ہم بتدریج آگے بڑھ رہے ہیں لیکن ابھی کام مکمل نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ دبئی اور ابوظہبی کی کنڈیشنز شارجہ سے مختلف ہیں۔ شارجہ میں ہم نے پانچ سپنرز کھلائے جیسا کہ کنڈیشنز اس کی اجازت دیتی تھیں لیکن ہمارے پاس پانچ بہت اچھے تیز بولرز بھی موجود ہیں اور ہم کنڈیشنز کے مطابق ٹیم کھلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سہ فریقی سیریز میں چار مختلف پچز پر میچز کھیلے ہم نے ان پر اچھے سکور کیے۔

فائنل میں ہمیں پتہ تھا کہ ایک سو بیس کا ہدف عبور کرنا مشکل ہوگا اور ہم نے ایک سو چالیس کے قریب سکور کیا جو بیٹنگ کے نقطہ نظر سے بہت اچھی کوشش تھی اور پھر جس طرح کی بولنگ پرفارمنس رہی وہ قابل تعریف ہے۔مائیک ہیسن نے کہا کہ محمد نواز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز اور اب اس سہ فریقی سیریز میں پلیئر آف دی سیریز رہے ان کی کارکردگی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہت ہی عمدہ رہی ہے۔

ان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور ان کے کھیل میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ان میں بے پناہ اعتماد دکھائی دیتا ہے اور ایشیاء کپ میں کنڈیشنز ان کے حق میں رہیں تو وہ ہمارے لیے بہت اہم ہونگے۔فخرزمان کے بارے میں مائیک ہیسن نے کہا کہ فخر انجری کے بعد سہ فریقی سیریز میں واپس آئے اور ان میں اعتماد اور بہتری نظر آئی ہے ۔ ان کی 77رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز اس کی بڑی مثال ہے لیکن سب سے اہم بات ان کا وسیع تجربہ ہے جو ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو استحکام بخشتا ہے۔

مجھے خوشی ہے کہ وہ جس طرح آگے بڑھ رہے ہیں۔ایشیا کپ کے میچز دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جارہا ہے۔اس سے قبل 2016ء اور 2022ء میں بھی یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا تھا۔2016ء میں یہ ٹورنامنٹ انڈیا نے جیتا تھا جبکہ 2022ء میں سری لنکا فاتح بنا تھا۔ پاکستان نے ابتک دو مرتبہ 2000اور 2012میں ایشیا کپ جیتا ہے۔

انڈیا نی8مرتبہ اور سری لنکا نے 6مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔پاکستان گروپ اے میں انڈیا۔ متحدہ عرب امارات اور عمان کی ٹیموں کے ساتھ ہے۔ عمان پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں حصہ لے رہا ہے۔گروپ بی سری لنکا، بنگلہ دیش افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 9ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 12ستمبر کو عمان کے خلاف دبئی میں کھیلے گی۔پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ 14ستمبر کو انڈیا کے خلاف دبئی میں کھیلے گی جبکہ اس کا آخری گروپ میچ 17ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف دبئی میں ہوگا۔دونوں گروپ سے دو دو ٹاپ ٹیمیں سپر فور میں جگہ بنائیں گی اور ان میں سے دو ٹیمیں 28ستمبر کو ہونے والے فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پاکستان ٹیم متحدہ عرب امارات میں افغانستان اور میزبان متحدہ عرب امارات کے ساتھ کھیلی گئی سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز جیت کر ایشیا کپ میں آئی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس سال مجموعی طور پر 19ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں جن میں اس نے 11جیتے ہیں اور 8میں اسے شکست ہوئی ہے۔ اس نے سہ فریقی سیریز سے قبل بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز جیتی ہیں۔پاکستانی ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان )، صاحبزادہ فرحان،صائم ایوب، فخرزمان، حسن نواز، محمد حارث ، محمد نواز، حسین طلعت،خوشدل شاہ، فہیم اشرف، شاہین آفریدی،حارث رئوف، ابراراحمد، سفیان مقیم ،حسن علی،محمد وسیم جونیئر اور سلمان مرزا شامل ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات